اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے علاقے پونچھ میں کنٹرول لائن پر بھیانک آگ کے نتیجے میں بارودی سرنگیں دھماکے سے پھٹ گئیں۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ سرحدی ضلع پونچھ میں مینڈھر سیکٹر کے گھنے جنگلات میں گزشتہ روز اچانک آگ نمودار ہوئی جس کے نتیجے میں درختوں اور جھاڑیوں سے آگ کے شعلے بلند ہوئے اور یہ آگ آناً فاناً پھیل کر کنٹرول لائن کے وسیع علاقہ تک پھیل گئی۔ذرائع نے بتایا کہ آگ کی تپش سے لائن آف کنٹرول پر زیر زمین نصب بارودی سرنگوں کے پھٹنے کا سلسلہ شروع ہوا جس کے باعث پے در پے متعدد زور دار دھماکے ہوئے۔پولیس ذرائع کے مطابق آگ کی وجہ سے دو درجن سے زاید زیر زمین بارودی سرنگیں پھٹ گئیں۔ دھماکوں کی گھن گرج سے کنٹرول لائن کے نزدیکی علاقوں میں قائم بستیاں لرز اٹھیں اور لوگ اپنے گھروں میں سہم کر رہ گئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق آگ کی لپیٹ میں آکر بڑی تعداد میں درخت اور جھاڑیاں خاکستر ہوگئیں۔ فوج ، پولیس، محکمہ جنگلات اور فائر بریگیڈ کے اہلکاروں کی ایک بڑی تعداد آگ پر قابو پانے کی کوششیں کررہے ہیں لیکن یہ آگ انتہائی تیزی کے ساتھ پھیل رہی ہےفوری طور پر کسی قسم کا جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔قابل ذکر ہے کہ کنٹرول لائن پر اس سے قبل بھی آگ کی واردتوں میں زیر زمین باردوی سرنگوں کے دھماکے ہوئے جن میں جنگلات کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲